قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ جس کی تصدیق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا تھا جس کا رزلٹ گزشتہ شب 12 بجکر 58 منٹ پر موصول ہوا۔

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 10 جون دن 3 بجکر 56 منٹ پر ہوا تھا اور نجی لیبارٹری کی ٹیم نے شہباز شریف کے گھر جا کر ہوم سیمپلنگ سروس کے تحت ان کے نمونے لیے تھے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے، ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس سے پہلے  وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب اور خواجہ سلمان رفیق بھی صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا سے مزید 101 ہلاکتیں، 5834 نئے کیسز رپورٹ

متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل بھی کورونا کا شکار ہوکر انتقال کرچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں