کراچی: ہر گھنٹے میں کورونا کے73کیسز رپورٹ


کراچی: دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں ہر گھنٹے کورونا وائرس کے73 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مریضوں کی تعداد پینتیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر ساڑھے تینتالیس ہزار سے زائد کیسز ہیں اور سات سو اکتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کراچی میں ڈاکٹروں نے  ہر ماہ پندرہ روز لاک ڈاون کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتالوں اور بازاروں میں  کم سے کم  رش کو یقینی بنانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 101 ہلاکتیں، 5834 نئے کیسز رپورٹ

ڈاکٹرز نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہڑتال کا کوئی جواز نہیں۔ سندھ ڈاکٹر اتحاد نے عالمی ادارہ صحت کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر ماہ 15 روز لاک ڈاؤن کیا جائے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے رہنماوں نے کہاکہ اسپتالوں اور بازاروں میں  کم سے کم رش یقینی بنایا جائے۔

سندھ ڈاکٹر اتحاد کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا اعلان کرنے والے ڈاکٹرز کا سمجھا رہے ہیں کہ ان حالات میں یہ اقدام مناسب نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں سندھ میں کورونا کے دوہزار چارسو ستاسی کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے سترہ سو پچپن کراچی سے رپورٹ ہوئے۔

کراچی میں نئے کیسز میں سے چارسو اٹھانوے ضلع شرقی، چار سو تینتالیس جنوبی، چار سو نو وسطی، ایک سو تہتر ملیر، ایک سو سترہ غربی اور ایک سو پندرہ ضلع جنوبی سے  سامنے آئے۔

پاکستان میں جون کے پہلے دس روز خطرناک ثابت  ہوئے ہیں اور ان دنوں میں چھیالیس ہزار سے زائد کوروناکیسز رپورٹ ہوئے  جب کہ آٹھ  سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 834 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار 536 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 101 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 356 ہو گیا ہے


متعلقہ خبریں