ذمہ داروں کو شہباز شریف کی بگڑتی ہوئی صحت کا جواب دینا ہو گا، مریم نواز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے  پارٹی صدر شہباز شریف میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو ان کی  بگڑتی ہوئی صحت کا جواب دینا ہو گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر سے جاری اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ثابت ہوتا ہے کہ شہباز شریف کے شکوک بے وجہ نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے شہباز شریف کی گرتی صحت کو جانتے بوجھتے مزید بگاڑا، انہیں جواب دینا ہو گا۔ اللہ تعالی شہباز شریف اور کورونا سے متاثر تمام مریضوں کو صحت کاملہ عطا کرے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ جس کی تصدیق پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی کی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا تھا جس کا رزلٹ گزشتہ شب 12 بجکر 58 منٹ پر موصول ہوا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس جانوروں میں بھی پھیلنے کا خوف، پاکستان میں ٹیسٹ شروع

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 10 جون دن 3 بجکر 56 منٹ پر ہوا تھا اور نجی لیبارٹری کی ٹیم نے شہباز شریف کے گھر جا کر ہوم سیمپلنگ سروس کے تحت ان کے نمونے لیے تھے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس سے پہلے  وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب اور خواجہ سلمان رفیق بھی صحت یاب ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں