کرکٹر محمد عامر اورحارث سہیل نے دورہ انگلینڈ کے لیے دستیابی سے معذرت کرلی


لاہور: پاکستان کے فاسٹ باولر محمدعامراور اور بیٹسمین حارث سہیل نے دورہ انگلینڈ کے لیے دستیابی سے معذرت کرلی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق محمدعامر اور حارث سہیل نے نجی مصروفیات کی بنا پر دورہ انگلینڈ پر روانگی سےمعذرت کرلی ہے۔

پی سی بی کے مطابق محمدعامر نے اگست میں اپنے بچے کی پیدائش کی وجہ سے معذرت کی ہے، جبکہ
حارث سہیل نے فیملی وجوہات کی بنا پردورے سے معذرت کرلی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچوں پرمشتمل سیریز اگست اور ستمبرمیں ہوگی۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق چیف سلیکٹرمصباح الحق کی زیرصدارت سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بھی ختم ہوگیا۔اجلاس میں ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پرمشاورت کی گئی۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کیلئے یونس خان کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کی صورت میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے کہا تھا کہ خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ: شیڈول کا اعلان ہو گیا

ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف بھی ہیں لہٰذا وہ ہمارے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دورہ انگلینڈ کیلئے 25 جولائی کے بعد کھلاری انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ دورے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا۔ کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کو  آپشن دیا گیا ہے کہ وہ دورے سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں