رمضان شوگر ملز کیس، عدالت نے شہباز شریف کو طلب کر لیا

فوٹو: فائل


لاہور: احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو یکم جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے رمضان شوگر ملز کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو فرد جرم کے لیے طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے وکیل نے کورونا وائرس کی رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔

شہباز شریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی سماعت تینوں ہفتے کے لیے ملتوی کر دی جائے جس پر عدالت نے حکم صادر کیا کہ شہباز شریف یکم جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

خیال رہے کہ  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ یا تھا جس کی تصدیق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا تھا جس کا رزلٹ گزشتہ شب 12 بجکر 58 منٹ پر موصول ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ذمہ داروں کو شہباز شریف کی بگڑتی ہوئی صحت کا جواب دینا ہو گا، مریم نواز

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 10 جون دن 3 بجکر 56 منٹ پر ہوا تھا اور نجی لیبارٹری کی ٹیم نے شہباز شریف کے گھر جا کر ہوم سیمپلنگ سروس کے تحت ان کے نمونے لیے تھے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے، ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں