کورونا وائرس، پاکستان میں جون کے پہلے گیارہ روز خطرناک ثابت

فائل فوٹو


اسلام آباد: اعداد و شمار کے مطابق جون 2020 پاکستان کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے بہت خطرناک ثابت ہوا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس فروری میں سامنے آیا جس کے بعد ملک میں سست روی سے کورونا کیسز کی تعداد بڑھی تاہم مئی اور جون میں ملک بھر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا اور ماہ جون کیسز کے حوالے سے انتہائی خطرناک ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 6 ہزار 397 کیسز رپورٹ

جون کے صرف پہلے گیارہ روز میں ملک بھر سے کورونا کے باون ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ نو سو سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 397 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 107 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 463 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 40 ہزار 247 مریض صحتیاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 47 ہزار 382 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 46 ہزار 828، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 787، بلوچستان میں 7 ہزار 673، اسلام آباد میں 6 ہزار 699، آزادکشمیر میں 534 اور گلگت بلتستان میں 1,030 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 890 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 776، خیبر پختونخوا میں 632، اسلام آباد میں 65، گلگت بلتستان میں 15، بلوچستان میں 75 اور آزاد کشمیر میں 10 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں