کورونا مریضوں کی خدمات پرمامورطبی عملےکیلئے خصوصی پیکج کا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کے مطابق کورونا مریضوں کی خدمات پر مامورطبی عملے کے لیے30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے طبی عملے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کورونامریضوں کی خدمات پرمامور عملے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس پیکج کیلئے تمام صوبوں سے مشاورت کی گئی ہے اور ہر صوبہ اپنے لحاظ سے اس پر عمل درآمد کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر،10جاں بحق

کورونا فرنٹ لائن طبی عملے کے لیے پیکج قومی سطح پر ہوگا۔ پیکج کا اطلاق صوبے اپنے طرز طریق سے کریں گے۔

پیکج 7گروپس پرمشتمل ہوگا جس میں معاشی، سیکیورٹی اور تحفظ، تربیت اور ان کی اپنی صحت اور دیگر جز شامل ہیں۔ کورونا فرنٹ ورکرز ٹیکس سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ ورکرز کوتربیت کے بعض مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔ 20ہزار کے قریب ہیلتھ ورکرز کو تربیت دے چکے ہیں۔

ظفر مرزا نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی کردارکی کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کیلئے پیمرا کے ساتھ مل کرضابطہ اخلاق بنانے پرکام جاری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب متعدد ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے جمعرات کے روز ایک فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق41 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس کیخلاف لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں38 ڈاکٹر اور تین پیرامیڈکس جاں بحق ہوئے ہیں۔  پنجاب سے 19، خیبر پختونخواہ سے پانچ، بلوچستان سے چار ، گلگت بلتستان (جی بی) سے ایک ڈاکٹر جاں بحق جب کہ سندھ میں کورونا وائرس سے کسی ڈاکٹر کا انتقال نہیں ہوا۔ جاں بحق ہونے والے پیرا میڈکس کا تعلق اسلام آباد اور کراچی سے ہے۔


متعلقہ خبریں