سندھ: کورونا سے مزید 17 افراد جاں بحق، 2428 متاثر

سندھ: کورونا کے مزید 952 کیسز رپورٹ

کراچی: صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 17 مریض انتقال کر گئے ہیں جبکہ وبا سے مزید 2428 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 793 ہو گئی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ اس وقت 25 ہزار 350 مریض زیرعلاج ہیں جن میں 530 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 83 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 6 ہزار 397 کیسز رپورٹ

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ آج 1066 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار 113 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق آج کراچی میں 1641 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع غربی میں کورونا کے 207، ملیر 176 اور کورنگی 125 ، گھوٹکی 66، حیدرآباد 64، سکھر 47 اور خیرپور 38 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 397 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 933 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 107 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 463 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 40 ہزار 247 مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 47 ہزار 382 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 344  ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 9  ہزار 169 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔


متعلقہ خبریں