وفاقی بجٹ میں سگریٹ، انرجی ڈرنکس پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز


اسلام آباد:  وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ میں سگریٹس اور انرجی ڈرنکس پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ درآمدی سگریٹس، بیڑی، سگارز اور تمباکو کی دیگر اشیاء پر ایف ای ڈی کو عالمی ادارہ صحت کے مطابق 65 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمباکو کے متبادل اور ای سگریٹس کو بھی اس فہرست میں ہی شامل کیا جا رہا ہے۔

حماد اظہر نے  فلٹر سگریٹس میں استعمال ہونے والی ایف ای ڈی کی موجودہ شرح میں ایک روپے فی کلو گرام بڑھانے کی بھی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ کیفین پر مشتمل مشروبات صحت کے لیے خطرناک ہیں اس وجہ سے ان کے استعمال میں کمی لانے کے لیے درآمد اور مقامی فراہمی دونوں جگہ ایف ای ڈی کو 13 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بجٹ کا حجم رواں مالی سال کے مقابلے میں کم رکھا گیا ہے۔ مالی سال -21-2020 کے بجٹ کا حجم مالی سال20-2019 کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمیں تنخواہیں اور پنشن گزشتہ سال کی سطح پر برقرار رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

آئندہ مالی سال دفاع کیلئے 12 کھرب 89 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال سود اور قرضوں پر 2946 ارب روپے خرچ کیےجائیں گے۔ آئندہ مالی سال میں 2 ہزار 2 سو 23 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے حا صل کیے جائیں گے۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف 4 ارب 45 کروڑ ڈالر۔ تجارتی خسارے کا ہدف 19 ارب 70 کروڑ ڈالر۔ ملکی برآمدات کا ہدف 22.71 ارب ڈالر اور درآمدات کا ہدف 42.41ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں