لاہور: نامعلوم افراد نے پولیس اے ایس آئی کو گھر سے اغوا کر لیا


لاہور: لاہور میں واقع تھانہ کہنہ کی حدود میں نامعلوم افراد نے پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) عامر کو گھر سے اغوا کر لیا۔

مغوی کے بھائی کے مطابق اے ایس آئی عامر گھر میں بیٹھے تھے کہ 2 نامعلوم افراد گھس آئے۔ دونوں نےعامر کا موبائل چھینا اور اغوا کر کے لے گئے۔

کہنہ پولیس نے اے ایس آئی عامر کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 25 مئی کو جنوبی پنجاب کے ضلع راجن میں ڈاکوؤں نے 3 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔

ہم نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ تحصیل روجھان کے علاقہ سونمیانی سے سکھانی گینگ کے ڈاکوؤں نے ہیڈ کانسٹیبل سمیت3 اہلکاروں کو پولیس کی چوکی سے اغوا کیا۔

اس سے قبل 22 مئی کو موٹروے پولیس نے خانیوال میں لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق موٹروے پولیس کے کرائم اسکواڈ نے خانیوال کے نزدیک کار کو ڈگمگاتے دیکھا۔ پٹرولنگ افسر نے کار کو روکنے کی کوشش کی تو کار سڑک سے نیچے اتر گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا تھا کہ کار کے اندر ایک 17 سالہ لڑکی کو دو افراد تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے جبکہ لڑکی نے بتایا تھا کہ اسے نشہ آور ادویات دی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: راجن پور: ڈاکوؤں نے 3 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا

موٹروے پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے پہلے لڑکی کو اپنی بہن بتایا تھا اور بعد ازاں کہا کہ لڑکی کا دماغی توازن درست نہیں اسے ملتان لے کر جا رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں لڑکی نے انکشاف کیا تھا کہ ان لوگوں کو وہ نہیں جانتی اور ملزمان نشہ آور ادویات دے کر اسے لاہور سے ملتان منتقل کر رہے تھے۔

پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے لڑکی کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں