عملہ کورونا کا شکار، مری ٹی ایچ کیو اسپتال کی او پی ڈی بند


راولپنڈی: ملکہ کوہسار اور ضلع راولپنڈی کی تحصیل مری میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنےلگا، جس کے بعد انتظامیہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال کی اوپی ڈی مریضوں کے لیے بند کردی۔

تحصیل انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایچ کیو مری میں 5 ڈاکٹرزسمیت 13 پیرامیڈیکل اسٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

تحصیل انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تھانہ مری چوکی تریٹ سمیت 2 قومی بینک کے ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب راولپنڈی میں دو روز کے لیے اسمارٹ لاک ڈاون لگادیا گیا۔

اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت راولپنڈی میں تمام مارکیٹیں اور دوکانیں ہفتہ اور اتوار کو مکمل بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ تاہم ضروری اشیاء کی دوکانیں، دودھ دہی کی دوکانیں اور میڈیکل اسٹورز اور پارسل لے جانے کے لیے ہوٹل کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور شہر میں کیسز کی مجموعی تعداد 31 سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ راولپنڈی میں 16 سو سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ اب تک 122 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 88 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 551 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 50 ہزار چھپن مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 50 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزادکشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں 1,044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 938 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 39 ہزار انیس ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں