’ عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہو گا‘

حکومت غریب افراد کو راشن فراہم کرے گی، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگراحتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہو گا۔

ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے، ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، مشکلات کےباوجود حالات کنٹرول میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز، وجوہات اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملےکو دی جانے والی حفاظتی کٹس پر بریفنگ دی گئی۔

جب تک ویکسین نہیں آ جاتی ہمیں کورونا کیساتھ گزارا کرنا ہے، عمران خان

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاوَ کو روکنے کیلئےحکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 6 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 88 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 551 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 50 ہزار چھپن مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 50 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزادکشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں 1,044 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 938 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 39 ہزار انیس ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔


متعلقہ خبریں