بلاول بھٹو کا شاہد خاقان عباسی کو فون، خیریت دریافت


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کورونا وائرس کا شکار سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون  کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے  شاہدخاقان عباسی سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

ذرائع کے مطابق شاہدخاقان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں کورونا کا شدت سے پھیلنا تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈاکٹروں اورطبی ماہرین کے مشورے پرعمل ہی نہیں کیا۔ مجھےعوام کے ساتھ ڈاکٹروں اورطبی عملے کی زندگی کی بھی فکرہے۔

خیال رہے کہ 8 جون کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئیسولیٹ کرلیا ہے۔

اس سے قبل ن لیگی رہنماؤں خواجہ سلمان رفیق اور سیف الملوک کھوکھر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کےصدرانجینئرامیر مقام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔

جے پرکاش کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ جے پرکاش نے جمعہ کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بعد 4 بجے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق سینیٹر نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاہین رضا پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا۔  سندھ کے صوبائی وزیر برائے انسانی بستی مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ صحت یاب ہوگئے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس سے متاثر ہوئے تھے تاہم چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔  وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں