دورہ انگلینڈ کے بدلے میں انگلش بورڈ سے کچھ طے نہیں ہوا، مصباح الحق

انگلینڈ کے خلاف سیریز انتہائی اہم ہے، مصباح الحق

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بدلے میں انگلش کرکٹ بورڈ سے کچھ  طے نہیں ہوا ہے۔

برطانوی صحافیوں سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ ہمارے لیے کچھ کرے۔ فی الحال ہمارے مائنڈ میں ایسا کچھ  نہیں ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہماری ٹیم انگلینڈ کا دورہ صرف کرکٹ کی بحالی کے لیے کررہی ہے۔ تمام کرکٹ بورڈز کے لیے اس وقت کرکٹ کا دوبارہ شروع ہونا اہم  ہے۔ کرکٹ شروع ہوگی تومعالی مشکلات سے بھی بچا جاسکے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انگلینڈ سمیت دیگر تمام کرکٹ ٹیمیں جلد پاکستان کا دورہ کریں۔کورونا کے باعث اپنے کھلاڑیوں کا پاکستان میں کیمپ نہ لگنےسےنقصان ہوا۔

مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال خراب ہورہی ہے، اس لیے کھلاڑیوں کی صحت کو ترجیح دی ہے۔سیریز سے چار ہفتے پہلے انگلینڈ آرہے ہیں، امید ہے تیاری کا بھرپورموقع مل جائےگا۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ کیلئے روانگی یکم جولائی کو متوقع

انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے دوران تمام کھلاڑیوں کو بہت سخت محنت کی ضرورت ہوگی۔ خاص طور پر لیگ اسپنر یاسرشاہ کو کڑی محنت کرنا پڑے گی۔ اگر کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہوگئے تو سیریز میں اچھا پرفارم کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ کے لیے روانگی یکم جولائی کو متوقع ہے۔

ترجمان پی سی بی  نے اس سے پہلے کہا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو کھیلے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ دورے کے حوالے سے حتمی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا، پی سی بی انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ  رابطےمیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ قومی ٹیم جلد سےجلد انگلینڈ جائے تاکہ انہیں پریکٹس کے زیادہ مواقع ملے،لاک ڈاوَن اور بڑھتے کیسزکی وجہ سے لاہور میں پریکٹس کرنا ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے  29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں