شیخ رشید کی طبیعت بگڑ گئی، ملٹری اسپتال منتقل


راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو طبیعت ناساز ہونے پرانہیں ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا ملٹری اسپتال (ایم ایچ) میں علاج جاری ہے جہاں شیخ رشید احمد نے قوم سے دُعا کی درخواست کی ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایچ اسپتال میں میراعلاج جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف اپنی صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔ رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والوں کا مشکور ہوں اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کورونا کو سنجیدہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میں کورونا وائرس کی تشخیص

شیخ رشید احمد نے کہا کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔

اس سے قبل شیخ رشید احمد کے بھتیجے راشد شفیق نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طبیعت بہتر ہے اور ایم ایچ اسپتال میں اُن کے اینٹی باڈی اور دیگر ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر گئی، 2632 افراد جاں بحق 

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد کی ٹیسٹ رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیا ہے۔ کورونا ہونے پر شیخ رشید نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر رکھا تھا اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد 6 روز قبل کورونا میں مبتلا ہوئے تھے اور انہوں نے گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی کوئی علامات تو نہیں ہیں لیکن وہ خود کو گھر میں آئسولیٹ کر رہے ہیں اور ایک ہفتے بعد دوبارہ اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید احمد کے سیکرٹری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔


متعلقہ خبریں