بھارتی وزیر دفاع آکر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کے ساتھ ہیں، وزیر خارجہ

بھارتی وزیر دفاع آکر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کے ساتھ ہیں، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع مظفرآباد آ کر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کے ساتھ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی سرکار سے متنفر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع مظفر آباد آ کر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی حکمران وزیر اعظم عمران خان یا مجھے بھی سرینگر آنے کی دعوت دیں۔

گزشتہ روز پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے آزاد کشمیر سے متعلق بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کر دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاری کردہ بیان پاکستان مخالف جنون کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیمیں پاکستان سمیت خطے کیلئے بھی خطرہ ہیں، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان دراصل کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کا اقدام مقبوضہ وادی کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی بھارتی سازش کا حصہ ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل جیسے قوانین کشمیریوں کے حقوق کو دبانے کی کوشش ہیں۔

انہوں ںے واضح کیا کہ بی جے پی کی سرکار بندوق کی نوک پر گزشتہ دس ماہ سے مقبوضہ وادی کشمیر میں لاک ڈاؤن کیے ہوئے ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو اورمواصلاتی  پابندیاں عالمی وانسانی حقوق کے مسلمہ اصولوں کے برخلاف ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ دنیا عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بنرد آزما ہے تو بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں