کل رات سے لاہور کے مختلف علاقے سیل کرنے کا اعلان


لاہور: پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کل رات 12 بجے سے لاہور کے بہت سے علاقوں کو بند کر دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جہاں وائرس کا پھیلاؤ ہے وہاں اقدام کریں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے زیادہ کیسز والے علاقوں میں مختلف حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے جبکہ کینٹ، شاد باغ، نشتر ٹاوَن، علامہ اقبال ٹاوَن شاہدرہ، والڈ سٹی، مزنگ ،شادباغ  ہربنس پورہ اور گلبرگ کو بند کیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ متاثرہ علاقے آئندہ 2 ہفتے تک بند رہیں گے ان علاقوں میں روزانہ ایک ہزار کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ ان چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتوں نے سخت اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ علاقوں میں کھانے پینے کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ عوام ایس او پیز کو سختی سے فالو کرتے رہیں تاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

وزیر صحت نے کہا کہ صرف ماسک کے استعمال سے وبا کے پھیلاؤ کو 50 فیصد تک روکا جا سکتا ہے تاہم افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سے کیا جاتا ہے۔ نیوزی لینڈ کی آبادی آدھے لاہور سے بھی کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بار بار ہدایت کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ لاہور کے بعد راولپنڈی کورونا سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے شخص کا بل 11 لاکھ ڈالر

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریض کے اہلخانہ گھر سے بیٹھ کرمطالبہ کرتے ہیں کہ وینٹی لیٹر چاہیے جبکہ مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھنے کا فیصلہ اسپتال پہنچ کر ڈاکٹرز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے ہر مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ لاہور میں اس وقت 82 وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔


متعلقہ خبریں