کورونا: پشاور کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ


پشاور: بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر پشاورانتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاورکے آفس سے جاری اعلامیہ  کےمطابق اسمارٹ لاک ڈاون اشرفیہ کالونی، چنارروڈ، یونیورسٹی ٹاوَن، دانش آباد اور سیکٹر ای ٹوفیزون حیات آباد میں لگادیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاوَن کے دوران متعلقہ علاقوں سے اِن اور آوٹ انٹری بند رہے گی۔ کورونا کے تیزی سے پھیلتے کیسز کی وجہ سے اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا گیا ہے۔

ڈی سی پشاور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق لاک ڈاوَن علاقوں میں صرف میڈیسن، جنرل اسٹورز، تندور اورایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

اعلامیہ کے مطابق مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔ مجسٹریٹ اور پولیس ک واسمارٹ لاک ڈاوَن پرعملدرآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 5 ہزار 248 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 97 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 53 ہزار 721 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 54 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 53 ہزار 805، خیبرپختونخوا میں 18 ہزار سے زائد، بلوچستان میں 8 ہزار 177، اسلام آباد میں 8 ہزار 569، آزادکشمیر میں 647 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکتیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 78، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 8 لاکھ 97 ہزار 650 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں