اسلام آباد انتظامیہ کورونا وبا کی روک تھام کیلئے کیا کررہی ہے؟


اسلام آباد: ملک کے دوسرے حصوں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے کچھ دہی علاقوں میں اس وبا پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام کے علاقے شہزاد ٹاون، بھارہ کہو اور شاہ اللہ دتہ میں کورونا وائرس پر مکمل قابو لیا گیا ہے۔

                               ڈپٹی کمشنر اسلام ِباد حمزہ شفقات

انہوں نے کہا کہ جہاں اسلام آباد میں کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، وہی پر ضلعی انتظامیہ 3 ہزار روزانہ ٹیسٹ کررہی ہے، جو پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد چھ سے سات سو ہے اور اب تک 8 ہزار 5 سو 69 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ 2 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ

مختلف سیکٹرز کو سیل کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب حمزہ شفقات نے کہا کہ لاک ڈاون ان علاقوں اور سیکٹرز میں لگایا جاتا ہے جہاں کورونا وائرس کیسز زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جس گھر، گلی، محلے یا سیکٹر سے کورونا مثبت کا کوئی کیس سامنے آتا ہے تو سب سے پہلے ضلعی انتظامیہ اس ایریا کو سیل کرتی ہے۔ مریض کو الگ کیا جاتا ہے، رشتہ داروں کے خون کے نمونے لیے جاتے ہیں اور 14 دن تک ایسے افراد کی مسلسل سرویلنس کی جاتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں حمزہ شفقات نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن تھری، ٹو اور کراچی کمپنی، جہاں تین دن پہلے لاک ڈاون لگایا گیا تھا، میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ فی الحال صورتحال اتنی گھمبیر نہیں ہے۔ ان سیکٹرز میں لاک ڈاون اٹھانے یا بڑھانے سے متعلق فیصلہ کل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام ، جو سوشل میڈیا پر اور آن گراونڈ بڑے متحرک نظر آتے ہیں، کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کا دباو بڑھ رہا ہے، کچھ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد کم پڑرہی ہے، لہٰذا لوگوں کو بہت زیادہ احتیاط برتنا ہوگی۔

حمزہ شفقات نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو الگ سے فنڈز مہیا نہیں کیے ہیں، البتہ این ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کو کورونا کٹس اور دیگر سامان مہیا کرتا ہے۔

ڈپٹی کمشنراسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اب تک 70  ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جن میں سے اب تک 90 فیصد افراد کا ٹیسٹ منفی آچکا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقے لوئی بھیرمیں کورونا کا مرض تیزی سے پھیل رہاہے۔ لوئی بھیرمیں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4  سو سے زاءد ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنراسلام آباد حمزہ شفقات نے اس سے قبل بتایا تھا کہ سیکٹرجی نائن متاثرہ افرادکی فہرست میں دوسرےنمبرپرہے، جہاں  کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 302 سے تجاوز کرگئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں