چین سے امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ پاکستان پہنچ گیا


اسلام آباد: چین سے امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے جتنے ٹیسٹ کرنے چاہتے ہیں کریں، سامان کی کمی نہیں ہے۔

یہ  بھی پڑھیں: یورپ: کورونا کیسز میں کمی کے بعد زندگی معمول کی طرف لوٹ آئی

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹر سے زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ صوبوں کو250 وینٹی لیٹر دے چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مزید 600 وینٹی لیٹر موجود ہیں، پشاور اور کراچی جاکر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے لاہور کی ضرورت پوری کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب ریکارڈ 111 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 839 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 443 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 921 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 56 ہزار 390 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 55 ہزار 878 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 55 ہزار 581، خیبرپختونخوا میں 18 ہزار 472، بلوچستان میں 8 ہزار 327، اسلام آباد میں 8 ہزار 857، آزادکشمیر میں 663 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 143  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکیاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں853، خیبر پختونخوا میں 707، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں