سعودی عرب آج سے پاکستان کیلئے ریلیف پروازیں شروع کرے گا


اسلام آباد: سعودی عرب آج سے پاکستان کے لیے اپنی ریلیف پروازیں شروع کرے گا۔

سول ایویشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سعودی ائرلائن کی درخواست منظور کرتے ہوئے مراسلہ جاری کر دیا۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق سعودی ائرلائن نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت مانگی تھی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت دے دی۔

سعودی ائر لائن پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے 16 سے 20 جون تک 6 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔ 16 جون کو ریاض سے اسلام آباد اور جدہ سے لاہور فلائٹ پاکستانیوں کو واپس لائے گی جبکہ 17 اور 20 جون کو بھی پاکستانیوں کو لے کر جدہ سے پرواز اسلام آباد پہنچے گی۔

17 جون کو سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی ریاض سے کراچی پہنچیں گے جبکہ 18 اور 20 جون کو جدہ اور ریاض سے پرواز پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچے گی۔

مراسلے کے مطابق ائرپورٹ پہنچنے پر کسی جہاز کے عملے کو اترنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق آج چین سے امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ پاکستان پہنچ گیا جس کے لیے ہم حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے جتنے ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں کریں، سامان کی کمی نہیں ہے جبکہ کورونا کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹر سے زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی آئی اے کو امریکہ کی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبوں کو 250 وینٹی لیٹر دے چکے ہیں اور ہمارے پاس مزید 600 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور کراچی جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ مجھے امید ہے لاہور کی ضرورت پوری کر دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں