یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو ضمنی امتحانات لینے کی اجازت مل گئی


لاہور: پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو ضمنی (سپلیمنٹری) امتحانات لینے کی اجازت دے دی ہے۔

سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق بی ایس سی نرسنگ اور بی ایس سی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ضمنی امتحانات لیے جا سکیں گے۔

سیکریٹری صحت پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بی ڈی ایس اورڈاکٹر آف فزیکل تھراپی آخری سال کے ضمنی امتحانات لیے جا سکیں گے۔

سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق یو ایچ ایس امتحان کے علاوہ کسی بھی انڈسٹری کو چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات لینے کا اعلان کیا تھا، لیکن پنجاب حکومت کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد ضمنی امتحانات موخر کردیے گئے تھے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے حکومت کی جانب سے کورونا بندش کے باوجود سے صوبے بھر میں ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات کا شیڈول جاری کردیا تھا۔

سیکریٹری صحت پنجاب نبیل اعوان نے یو ایچ ایس کے غیرذمہ درانہ رویے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب  بھر میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات فوری روکنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا تھا۔

سیکریٹری صحت پنجاب نے مراسلہ میں کہا تھا کہ امتحانات کا انعقاد نیشنل اسٹریٹجی کمیٹی کا اختیار ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات کا انعقاد کرانے سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ پرائیویٹ کالج کے طلبا کے فیس کا معاملہ الگ سے دیکھا جائے گا

مزید پڑھیں: سندھ: تعلیمی ادارے بدستور بند، امتحانی بورڈز کے دفاتر کھلیں گے

سیکریٹری صحت پنجاب کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے امتحانات موخر کرنے کا بیان جاری کردیا تھا۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے یکم جون سے سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

 

 


متعلقہ خبریں