عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈ کواٹرز کا دورہ


اسلام آباد:  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اور تینون سروسز چیفس نے انٹر سروسز انٹلیجنس (آئی ایس آئی) ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا۔

فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق  لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سلامتی ، لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق عسکری قیادت کو جامع بریفنگ دی گئی۔ فوجی قیادت نے آئی ایس آئی کی کاوشوں کو سراہا۔ مسلح افواج کے سربراہان نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تجزیہ کار لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال اور بھارت چین کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جھڑپوں کے تناظر میں فوجی قیادت کی جانب سے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کے دورے کو اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فوجی قیادت کی جانب سے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کے دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بھارتی قیادت پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی بھی دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  جندروٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر شدید گولہ باری کردی تھی، جس کے نتیجے میں چار شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ جندروٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے شہری آبادی کو جان بوجھ کرنشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 4شہری شدید زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ زخمیوں میں 2 خواتین اور 2 بچےشامل ہیں بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث 7سالہ منشی اور7 سالہ مومنہ شدید زخمی پوگئی۔ زخمیوں کاتعلق درہ شیرخان، سندھاڑا اور بمروچ کے دیہات سے تھا۔


متعلقہ خبریں