بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری زخمی


اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرل (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی فوج کی باگسر سیکٹر پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری بابر حسین زخمی ہوگیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پری ریلیز کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری بابر حسین کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  جندروٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر شدید گولہ باری کردی تھی، جس کے نتیجے میں چار شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ جندروٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے شہری آبادی کو جان بوجھ کرنشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 4شہری شدید زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی، پاکستان کا احتجاج

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ زخمیوں میں 2 خواتین اور 2 بچےشامل ہیں بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث 7سالہ منشی اور7 سالہ مومنہ شدید زخمی پوگئی۔ زخمیوں کاتعلق درہ شیرخان، سندھاڑا اور بمروچ کے دیہات سے تھا۔

اس سے قبل چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اور تینون سروسز چیفس نے انٹر سروسز انٹلیجنس (آئی ایس آئی) ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا تھا۔

فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سلامتی ، لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق عسکری قیادت کو جامع بریفنگ دی گئی۔ فوجی قیادت نے آئی ایس آئی کی کاوشوں کو سراہا۔ مسلح افواج کے سربراہان نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تجزیہ کار لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال اور بھارت چین کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جھڑپوں کے تناظر میں فوجی قیادت کی جانب سے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کے دورے کو اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں