کورونا کے باعث ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث ملکی معیشت کو بڑا دھچکا لگاہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ اجلاس میں این سی او سی سمیت متعلقہ اداروں کے باہمی مشورے سے وبا کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہا۔

شبلی فراز نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 30 ہزار کورونا کے ٹیسٹ کررہے ہیں۔ ہمارا ملک مکمل لاک ڈاوَن کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔جب وبا سے دوچار ہوئے تو ملک میں 2لیبارٹریاں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسی حکمت عملی تیار کی جس سے کورونا کی روک تھام کیلئے اہم اقدام کیے گئے۔ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔لوگوں نے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جس کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہوا۔

وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ اگر ہم نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ہمیں نہیں معلوم کورونا وائرس کب تک چلے گا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف ملک کو نقصان پہنچا کر بیرون ملک سیر کر رہے ہیں، کابینہ ارکان

شبلی فراز نے کہا کہ گزارش کرتا ہوں کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔ جہاں پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا وہاں لاک ڈاوَن کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں کابینہ کی 10 جون کی تجویز کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں ملک کے بڑے شہروں میں ایئرپورٹ کے گردونواح میں بلڈنگ کی بلندی سے متعلق بحث ہوئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ترقیاتی پروگرام، زراعت اور تعمیراتی شعبے کو مراعات دی ہیں۔کابینہ اجلاس میں فرنٹ لائن ورکرز کو رسک الاوَنس جاری رکھنے کی توثیق کی گئی۔


متعلقہ خبریں