سندھ میں بھاشن کے علاوہ راشن دیا ہے؟ مراد سعید کا استفسار

سندھ میں بھاشن کے علاوہ راشن دیا ہے؟ مراد سعید کا استفسار

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں لوگ بھوک سے مرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عوام کو وبا، بھوک اور غربت سے بچانا ہے۔

کراچی میں کورونا سے مزید 33 افراد جاں بحق، سندھ میں اموات 886 ہوگئیں

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 25 فیصد آبادی پہلے ہی خط غربت سے نیچے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ہماری حکومت گزشتہ حکومتوں کے قرضے واپس کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں ہم نے نہیں ماضی کی حکومتوں نے دھکیلا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے دورمیں اسٹیل ملز اور پی آئی اے خسارے میں چلے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے مشیر خزانہ نے کہا تھا کہ جو پی آئی اے خریدے گا اسے اسٹیل ملز مفت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یعنی ن لیگ کے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے خرید لو اوراسٹیل ملز مفت لے لو۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں یہاں پیسے ہی نہیں طیارے بھی چوری ہوتے تھے۔ انہوں ںے کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت  سات ممالک دیوالیہ ہونے جارہے ہیں،۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں شائع ہونے والی عالمی اداروں کی رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیرمراد سعید کا کہنا تھا کہ ہم نےکیمپ آفیسز اورسرکاری دورے ختم کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے گھر میں رہ رہے ہیں اوراپنا خرچہ بھی خود اٹھا رہے ہیں۔

حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا، بلاول بھٹو

عالمی وبا قراردیے جانے والے کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 25مارچ کو 635 کیسز پر پورے بھارت کو بند کردیا گیا تھا اورجب لاک ڈاؤن ختم کیا تو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں چار کروڑ اور بھارت میں 12 کروڑ لوگ بیروزگار ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ کورونا وائرس عمران خان کی وجہ سے پھیلا لیکن یہ نہیں دیکھتی کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وبا کے دوران 1200 ارب روپے کا پیکج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت ہم نے سندھ میں پیسے دیے ہیں اورصحت و تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو 12 ہزار فی خاندان دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک کروڑ 60لاکھ خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بھی 33 لاکھ سے زائد خاندانوں کو پیسے دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالوں میں جو وینٹی لیٹر تھے ان کی تعداد کو صرف تین ماہ میں دوگنا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو مزید 2150  آکسیجن بیڈز دیے جائیں گے۔

کورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 111 اموات 

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا پوچھ سکتا ہوں کہ سندھ میں کسی کو بھاشن کے علاوہ راشن بھی دیا گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے جب راشن کا پوچھو تو جواب نہیں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کی بات کرنے والے بتائیں کہ جو پیسہ صحت کے لیے دیا گیا وہ کہاں گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز سے ہمدردی کے لیے تقریر کرنے والوں کے پاس وینٹی لیٹرز نہیں ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ  کراچی میں ڈاکٹر فرقان کو وینٹی لیٹر نہیں ملا تو وہ شہید ہو گئے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ کہا گیا کہ ہم کورونا کے پیچھے چھپ رہے ہیں لیکن یہ کوئی نہیں بتا رہا ے کہ پی پی اور ن لیگ کے ادوار میں مشینری کیوں نہیں تھی؟

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہمیں تو ٹڈی دل کےحوالے سے بڑی نصیحتیں کی گئی ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ن لیگ اور پی پی کے ادوار میں اسپرے کرنے کے لیے جہاز ہونے چاہیے تھے تو وہ کیوں نہیں ہیں؟ ان کا استفسار تھا کہ کیا ماضی کی حکومتوں کو زراعت پر توجہ نہیں دینی چاہیے تھی؟

عالمی وبا کے دوران بھی سندھ حکومت کرپشن میں مصروف ہے، مراد سعید

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ حکومت سندھ نے ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کے لیے بڑی بڑی گاڑیاں خریدی ہیں لیکن سکھر میں اسپرے کرنے کے لیے جو جہاز کھڑا ہے اس کے لیے نہ پائلٹ ہے اور نہ ہی دوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تو چین سے اسپرے کرنے کے لیے جہاز منگوائے ہیں۔


متعلقہ خبریں