ماضی کے حکمرانوں نے اقتدار کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا، وزیراعظم

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی مدد جاری رکھے گی، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں اقتدار میں رہنے والی سیاسی قیادت نے عوامی خدمت نہیں کی بلکہ حکمرانوں  نے صرف اپنے ذاتی مفاد کی خاطر اقتدار کا استعمال کیا۔

کراچی میں اتحادی جماعتوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ، غربت میں کمی اور عوامی خدمت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں بشمول سندھ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ انتظامی اصلاحات اور نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے حقیقی ترقی ممکن ہو سکے گی۔

دوران ملاقات وفد نے وزیراعظم کو سندھ میں ترقیاتی کاموں اور انتظامی اصلاحات سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔

وفد میں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے وسیم اختر، کنور نوید جمیل، کشور زہرہ ،ایاز لطیف، حسنین مرزااورفردوس شمیم نقوی اور سیاسی رہنما حلیم عادل شیخ، سید آفریدی، اشرف قریشی، ارباب رحیم، عرفان مروت، سردار عبدالرحیم بھی شامل تھے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر بحری امور علی زیدی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ وزیر اعطم عمران خان سندھ کا دہ روزہ دورے پر ہیں اور آج وہ لاڑکانہ کا بھی دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان لاڑکانہ میں مختلف اسپتالوں کا دورہ کریں گے اور اسپتالوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

وزیر اعظم لاڑکانہ میں احساس سینٹر کا بھی دورہ کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی کور ٹیم سے بھی وزیر اعظم کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم  آج پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی اراکین سے ملاقات بھی کریں گے۔

وزیر اعظم گزشتہ شام کراچی کے دورے پر پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کیا تھا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی بھی ہیں جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیر اعظم کے ہمراہ کراچی پہنچے تھے۔

کراچی آمد کے بعد وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مرحلہ وار بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ ابتدائی طور پر عرب ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: یو اے ای میں 70 ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، زلفی بخاری

گلف ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہو گا۔ سب سے پہلے بے روزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں