پی ایس او:فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت مل گئی


اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیٹ آئل کو فرنس آئل کی درآمد کی اجازت دےدی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

کمیٹی کے مطابق فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ ایندھن کا ذخیرہ مقررہ معیار تک برقرار رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔

ای سی سی نے ماچھیکے۔تارو جبہ آئل پائپ لائن پراجیکٹ (427 کلومیٹر) کیلئے ٹرانسپورٹیشن ٹیرف کی بھی منظوری دی۔

ای سی سی کے مطابق ایندھن کی محفوظ ترسیل کیلئے بنایا گیا یہ منصوبہ ماحول دوست ہے اور تین حصوں میں مکمل ہوگا۔

منصوبے کی تکمیل سے ایندھن کی اضافی مقدار ذخیرہ کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔

منصوبے سے وسطی و شمالی پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ایندھن کی سپلائی ممکن ہوگی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منصوبوں کے لئے نوارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کے لئے حکومتی ضمانت کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے ہدایت کی کہ مستقبل میں تمام پائپ لائن منصوبوں کے لئے کابینہ کی منظوری لازمی ہو گی۔

ای سی سی کے مطابق اوگرا کی طرف سے ضابطے کی ضروری کارروائی کے بعد ٹیرف کی توثیق کی جائے گی۔

 

 


متعلقہ خبریں