مداحوں نے گلوکار کی قبر کھود دی، تابوت لے کر فرار

مداحوں نے گلوکار کی قبر کھود دی

نیروبی: کینیا میں مداحوں نے کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والے گلوکار کی قبر کھود دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیا کے گلوکار 33 سالہ جا چیکا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے اور انتظامیہ کی جانب سے ان کی آخری رسومات میں مداحوں کو شرکت سے روک دیا گیا تھا۔

گلوکار سے محبت کی وجہ سے ان کی آخری رسومات میں شرکت کے خواہشمند ہزاروں پرستار قبرستان پہنچ گئے تاہم پولیس کی بھاری نفری نے مداحوں کو قبرستان میں داخل ہونے سے روک دیا۔

پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باوجود مداح قبرستان میں داخل ہوئے اور گلوکار کی قبر کشائی کرنے کے بعد تابوت لے کر بھاگ گئے۔

پرستاروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہردل عزیز گلوکار کی آخری رسومات پورے عقیدت و احترام سے ادا کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کینیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 8 سو سے زائد ہے اور اموات 105 تک پہنچ چکی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 82 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں روسی صدر سے ملاقات کے لیے سرنگ سے گزرنا پڑے گا

کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 43 لاکھ چھ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھرمیں کورونا سے متاثرہ 54 ہزار 594 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 34 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔

امریکہ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں 22 لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں