چیئرمین این ڈی ایم اے کا کراچی میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتالوں کا دورہ


کراچی: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کراچی میں کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتالوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کی ضروریات کا جائزہ لیکر ضروری سامان کی فراہمی کی خاطر کراچی آیا ہوں۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سندھ کو درکار تمام سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ 70 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اپنے ساتھ لایا ہوں۔ این ڈی ایم اے 382 بیڈز کا تمام سامان آکسیجن سسٹم سمیت مہیا کر رہا ہے۔ 72 مزید آئی سی یو وینٹی لیٹرز والےبیڈز بھی ان کے میں شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: لاہور: وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین این ڈی ایم اے کا کورونا اسپتالوں کا دورہ

چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل نے کہا کہ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں 10 وینٹی لیٹرز، 45 نیزل اور 20 بائی پیپ دیں گے۔ عباسی شہید ہسپتال کو 18 وینٹی لیٹرز، 32 نیزل اور 20 بائی پیپ دئیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ہسپتال میں 10 وینٹی لیٹرز، 35 نیزل اور 30 بائی پیپ فراہم کریں گے۔ کورنگی ہسپتال میں 16 وینٹی لیٹرز، 32 نیزل اور 32 بائی پیپ مہیا کر دیں گے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ جناح ہسپتال کراچی میں مختلف اقسام کے 70 آکسیجن بیڈز فراہم کرنے کیے جائیں گے۔ سامان اگلے دس سے پندرہ دن میں حکومت سندھ کے حوالے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ این ڈی ایم اے کی طرف سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے 25.3 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے این ڈی ایم کو 8 ارب روپے ملے۔ چینی حکومت کی جانب سے 64 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے متعلق ازخودنوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے این ڈی ایم اے کی کورونا وائرس کے متعلق اٹھائے گئے اقدمات کی رپورٹ پر عدم اطمنان کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں