انگلینڈ میں مجھ سے منسوب جائیداد کی خبر بےبنیاد ہے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان کو شوکاز نوٹس جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں ان سے منسوب جائیداد کی خبر بےبنیاد اور حقائق کے برعکس ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر  اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میری ساکھ اور ذاتی شہرت کو من گھڑت الزامات کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش گئی، جو قابل مذمت ہے۔

خیال رہے کہ 27 اپریل کو حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے ہٹایا تھا اور شبلی فراز کو ان کی جگہ وزارات اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

عہدے سے ہٹانے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں،ان  کا استحقاق تھا کہ وہ کس کھلاڑی کو کس پوزیشن پر کھلانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی میں چھپی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کروں گی،فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ایک سال کےعرصےمیں بھرپورصلاحیتوں سےفرائض سرانجام دینےکی کوشش کی ، وزیراعظم عمران خان ‎کا شکریہ انہوں نےمجھ پراعتماد کیا۔

انہوں نے  شبلی فراز کو وزیر اطلاعات اور  عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بننے پر دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا۔ فردوس عاشق اعوان آج کل سیاسی طور پر غیر سرگرم ہیں۔

خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹانے کے بعد وفاقی حکومت نے  سینیٹرشبلی فراز کو وزیراطلاعات ونشریات اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات تعینات کر دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں