ہمارے مطالبات پر دو سالوں میں عمل نہیں ہوا، اخترمینگل


اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ حکومت نے ان کے مطالبات پر دو سالوں میں عمل نہیں کیا۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں شازیب عادل سے گفتگو کرتے ہوئے اخترمینگل نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مطالبات پر عمل نہ کرنے کو بدنیتی کہوں یا کچھ  اور، حکومت میں میرے ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کےمسائل حل ہونے چاہیے۔ کیا حکومت کہہ سکتی ہے کہ ہمارا کوئی مطالبہ غیر آئینی یا غیر قانونی ہے۔ الیکشن میں حکومت بنانے یا ہٹانے کا مینڈیٹ نہیں لے کرآئے تھے۔

اختر مینگل نے کہا کہ حکومت نے میرے اعلان سے پہلے مجھ سے رابطہ کیا۔ ہم صرف حکمرانوں کو بلوچستان کے مسائل سمجھانے کیلئے آئے تھے۔ مطالبات پورے ہوجاتے ہیں تو ہم نہیں پورا بلوچستان حکومت کےساتھ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات پر20 فیصد کارکردگی دکھا دیں تو پارٹی کو منانے کی کوشش کروں گا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب  چودھری سرور نے کہا کہ  پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین وقت سے گزررہا ہے۔کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کےخلاف ہم سب کو متحد ہونا چاہیے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی توجہ کورونا سے نجات حاصل کرنے پر ہونی چاہیے۔ اتحادیوں سے تعلقات ٹھیک رہے ،انشااللہ کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، اختر مینگل

انہوں نے کہا کہ نیب کے ایکشن کا پی ٹی آئی کو ذمہ دار قرار دینا درست نہیں ہے۔ پنجاب میں اتحادیوں سے تعلقات ٹھیک ہیں اور حکومت چل رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے پارلیمان بھی مطمئن ہےاور اتحادی بھی۔ اتحادیوں نے کبھی بیان نہیں دیا کہ ہم پنجاب حکومت کو گرانا چاہتےہیں۔ انشااللہ کوئی سیاسی عدم استحکام نہیں ہوگا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پارٹیوں کی توڑ پھوڑ پر یقین نہیں رکھتے۔ ڈیڑھ سال سے چودھری برادران کے جانے کی باتیں سن رہے ہیں۔ پنجاب اور مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا سے متعلق پاکستان کیلئے2سے 3ماہ انتہائی مشکل ہیں۔ جو ایس او پیز پر عمل نہیں کرتے ان علاقوں کو سیل ہونا چاہیے۔ جو لوگ بات نہیں مانتے ان پرجرمانے ہونے چاہئیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ اب سختی کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کرائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں