وزیر زراعت گلگت بلتستان حاجی جانباز خان کورونا سے انتقال کر گئے



گلگت: وزیر زراعت گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما حاجی جانباز خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

صوبائی وزیر فدا حسین نے حاجی جانباز خان کی کورونا وائرس سے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ  وہ کورونا وبا کا شکار تھے اور چند روز سے وہ سٹی اسپتال گلگت کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج تھے۔

مزید پڑھیں: کورونا، ایشین انفرا اسٹرکچر بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دے گا

صوبائی وزیر فدا حسین نے مزید بتایا کہ حاجی جانباز خان کی میت ان کے آبائی علاقے چلاس روانہ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے گلگت بلتستان میں اب تک 18 اموات ہوئی ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی ایک ہزار دو سو ہوگئی ہے۔ گلگت بلستان میں اب تک 768 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب 118 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 93 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 358 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 118 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 59 ہزار 215 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 60 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 59 ہزار 983، خیبرپختونخوا میں 19 ہزار 613، بلوچستان میں 8 ہزار 794، اسلام آباد میں 9 ہزار 637، آزادکشمیر میں 740 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 213 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 202 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 916، خیبر پختونخوا میں 755، اسلام آباد میں 94، گلگت بلتستان میں 18، بلوچستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 500 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 82 ہزار بارہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں