حکومتی نااہلیوں، عوام دشمن بجٹ اور کورونا پر جلد اے پی سی بلائی جائیگی، بلاول

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلیوں، عوام دشمن بجٹ اور موجودہ سیاسی صورت حال پر جلد اے پی سی بلائی جائیگی۔

سینئر پارٹی رہنما فرحت اللہ بابر، شیری رحمان، رضاربانی، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف، مولابخش چانڈیوں اور نفیسہ شاہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط  فیصلوں کی وجہ سے آج ملک میں کورونا وائرس کی وبا بے قابو ہوچکی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اتنی اموات کے بعد بھی عمران خان لاک ڈاوَن نہ کرنے کی ضد پر اڑے ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی وارننگ کو عمران خان نے چٹکیوں میں اڑادیا۔ عمران خان لاک ڈاؤن سے متعلق ڈبلیو ایچ او اور ڈاکٹروں کی رائے کو سن لیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں صحت اور زراعت کے شعبوں کو نظر انداز کرکے ملک کو خطرناک حالات کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کو علم ہی نہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کیا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے خلاف عمران خان کے بیانات تشویشناک ہیں۔ 18ویں ترمیم کے خلاف بیانات دراصل 73 کے دستور پاکستان پر حملہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹڈی دل کی وجہ سے اگر ملک میں قحط پڑا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ عمران خان کو اندازہ ہی نہیں کہ ٹڈی دل کے حملے نے ملک میں انتہائی سنگین بحران کھڑا کردیا ہے۔

انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی نااہلیوں کو سامنے لانے سے متعلق مؤثر کردار ادا کریں۔ پارٹی رہنما حکومتی نااہلی سے متعلق آگاہی دیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم تاریخ میں اس وقت چیلنجز کے سامنے کھڑے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت کورونا سے ہر 15 منٹ بعد ایک شخص جان کی بازی ہار رہا ہے۔ ہمارا 2020 کا جو بجٹ ہے، وہ ہمارا بجٹ نہیں ہو سکتا۔ موجودہ صورتحال میں پیش کیاگیا بجٹ پاکستان کا بجٹ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ دو ہزارڈاکٹراورنرس کوروناکےمریض بن چکے۔  طبی عملےکے 40 ارکان کورونا سے شہید ہوچکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں