ڈیکسامیتھاسون انجکشن سے متعلق ایڈوائزری جاری


ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈیکسا میتھا سون انجکشن سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ ڈیکسامیتھاسون ڈاکٹر کے نسخے پر فروخت کرنے کی اجازت  دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ کسی کو انجکشن کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈیکسامیتھاسون ملک میں کافی مقدار میں موجود ہے۔ مصنوعی قلت کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جا ئے گی۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نیشنل ٹاسک فورس کو ایسے عناصر کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  میں ادویات کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے کورونا مریضوں کے علاج کیلئے ڈیکسامیتھاسون دوائی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے چھاپے مارنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ تمام تر فارمیسی ڈیکسامیتھاسون دوائی کی سپلائی اور دستیابی مقرر کردہ قیمت پر یقینی بنائیں۔ دوائی کی فروخت صرف پی ایم ڈی سی ڈاکٹر کی جاری کردہ ہدایات کے تحت ہی دی جائیگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فروخت کے وقت فارمیسیز کی جانب سے ریکارڈ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو بھی فراہم کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ادویات کی ذخیرہ اندوزی یا زائد قیمت پر فروخت ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت جرم ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فارمیسیز کی انسپکشن اور آڈٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔


متعلقہ خبریں