نیب نے صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں مزید چار ملزمان گرفتار کر لئے


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان گرفتار کر لیے۔

نیب لاہور کے مطابق کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہونے کی پاداش میں گرفتار کئے گئے ملزمان میں ناصر قادر بھدل،  ڈاکٹر ظہیر الدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر شامل ہیں۔

ملزم ناصر قادر بھدل صاف پانی کمپنی میں بطور چیف پروکیورمنٹ آفیسر، ڈاکٹر ظہیر الدین چیف ٹیکنیکل آفیسر، ملزم محمد سلیم اختر پروکیورمنٹ و کنٹریکٹ اسپیشلسٹ جب کہ محمد مسعود اختر مینیجنگ ڈائریکٹر کے ایس بی پمپس صاف پانی کمپنی میں بطور کنٹریکٹر تعینات رہا۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان کی آپس کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ملزمان نے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزمان کی جانب سے پلانٹس نصب کرنے کے حوالے سے قیمتوں کا غلط تعین اور اندراج کیا گیا۔ تمام ملزمان کو دفاع کا مکمل موقع فراہم کیا گیا، گرفتاری اہم شواہد کی بنیاد پر عمل میں لائی  گئی ہے۔

نیب حکام چاروں گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے کل بدھ کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں