کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی اوسط عمر 60 سال


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی اوسط عمر 60 سال ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق مہلک وائرس سے جاں بحق افراد میں 74 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے زائد ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق 73 فیصد افراد پہلے سے مختلف دائمی بیماریوں کا شکار تھے۔

کورونا وائرس سے پاکستان میں اموات کی شرح ایک اعشاریہ 93 فیصد ہے اور عالمی سطح پر اموات کی شرح پانچ اعشاریہ 37 فیصد ہے۔ کورونا سے جاں بحق 91 فیصد افراد اوسطاً 5 روز تک اسپتال میں زیرعلاج رہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل پانچویں روز بھی کمی آئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے 103 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے اور ایک ہزار 500 مزید وینٹی لیٹرز جولائی تک اسپتالوں کو دے دیئے جائیں گے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 136 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 229 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 944 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 61 ہزار 383 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں آئندہ دو ماہ میں وبا کا مقابلہ بھرپور طریقے سے کرنا ہے، وزیراعظم

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 61 ہزار 678 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 62 ہزار 269، خیبرپختونخوا میں 20 ہزار 182، بلوچستان میں 8 ہزار 998، اسلام آباد میں 9 ہزار 941، آزادکشمیر میں 769 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 225 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 265 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 964، خیبر پختونخوا میں 773، اسلام آباد میں 95، گلگت بلتستان میں 18، بلوچستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں