سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے خلاف پنجاب حکومت عدالت پہنچ گئی


لاہور: الیکشن کمیشن کے سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کے خلاف پنجاب حکومت عدالت پہنچ گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر الیکشن کمیشن سے کل تک جواب طلب کرلیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس کی سماعت جسٹس شجاعت علی خان کی عدالت میں ہوئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا۔ ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہورہے ہیں۔ انتظامی امور کی بہتر انجام دہی کے لئے عملے کا ہونا لازم ہے۔

چیف سیکرٹری نے عدالت سے استدعا کی کہ ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پری پول رگنگ یا قبل از انتخاب دھاندلی روکنے کے لیے سرکاری ملازمتوں اور ترقیاتی اسکیموں کے اعلان یا افتتاح پر پابندی عائد کردی تھی۔


متعلقہ خبریں