ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 119 اموات، 3501 افراد جاں بحق 


اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 119 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 501 ہو گیا ہے۔ 

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 617 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 67 ہزار 892 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: دنیا بھر میں کیسز 89 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئے

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 65 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 67 ہزار 353، خیبرپختونخوا میں 21 ہزار 444، بلوچستان میں 9 ہزار 328، اسلام آباد میں 10 ہزار 662، آزادکشمیر میں 813 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 278 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک  ہزار 48، خیبر پختونخوا میں 808، اسلام آباد میں 98، گلگت بلتستان میں 21، بلوچستان میں 100 اور آزاد کشمیر میں 19 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 681 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 10 لاکھ 42 ہزار 787 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

معان خصوصی ظفر مرزا نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا سے مزید 19 افراد جاں بحق، ایک ہزار 813 متاثر

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں