پیپلزپارٹی خود کچھ کرتی نہ دوسروں کو کام کرنے دیتی ہے، مراد سعید


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی خود کچھ کرتی ہے نہ دوسروں کو کچھ کرنے دیتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کے جواب میں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا جاتا ہے۔ این سی او سی میں تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ میں خود بھی سندھ آؤں گا اور اسپتالوں کا دورہ کروں گا۔ بلاول کا چیلنج قبول کرتاہوں اور انہیں خیبرپختونخوا آنے کی دعوت دیتاہوں۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے۔  ہم نے ایمرجنسی بنیادوں پر ٹڈیوں کے تدارک کیلیے اقدامات کیے ہیں۔ سندھ میں جہاں ٹڈیوں کا حملہ ہوا، وہاں گاڑیاں ہڑپ کرنے کا منصوبہ بنا لیاگیا۔ ٹڈیوں کے حملے کی وجہ سے سندھ میں چھوٹے کسانوں کا نقصان ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘متوازن بجٹ’ پیش کرنے پر بلاول کی وزیراعلیٰ سندھ کو شاباش

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اٹھارویں ترمیم اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ  کے خلاف کھل کرسامنے آگئے ہیں۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وزیراعظم  1973 کے آئین کے بھی خلاف ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ آئینی ضرورت ہے۔ این ایف سی ایوارڈ جب پورا نہیں ملے گا، تو پی ایس ڈی پی میں کیا دیا جائے گا۔

بلاول بھٹو نےکا کہنا تھا کہ گزشتہ روزگھوٹکی، کراچی اور لاڑکانہ میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے۔ سندھ پولیس گزشتہ روز بم حملوں کی تحقیقات کررہی ہے۔ گھوٹکی اور لاڑکانہ میں دہشت گردی واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ اپنے شہیدوں کیلئے دعا گو ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں کورونا معاملات کو بھی جھیلنا پڑرہاہے۔ پی ٹی آئی کے سیاسی رویے کے باعث سیاسی اتحاد نہیں ہوسکا۔

بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ بجٹ میں عوام کی صحت اورعلاج ترجیح ہونا چاہیے تھی۔ بجٹ میں ٹڈی دَل کےمسئلے کو بھی نہیں دیکھا گیا۔ ٹڈی دل پرایک سال سے مسلسل بات کررہے تھے۔ وفاق کو چاہیے تھا کہ ہرصوبےکوایک کورونا پیکج دیتی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ سندھ کو 229 ارب روپے کم دئے جا رہے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مزید 34 ارب روپے کم کردیے۔ سندھ حکومت نے صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ پیپلزپارٹی نےسرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپینشن میں اضافہ کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے آئندہ مالی سال کا بجٹ مسترد کردیا ہے۔ امید تھی آئندہ مالی سال کا بجٹ وبائی صورتحال کے مطابق ہوگا۔ بجٹ سے لگتا ہے کورونا وائرس پاکستان میں کوئی مسئلہ ہی نہیں۔


متعلقہ خبریں