ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب میں کورونا کی تشخیص



کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آ گئی۔

ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ کھانسی کے باعث 2 دن قبل کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھرمیں آئسولیٹ کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر والوں کے ٹیسٹ بھی کرائے ہیں جن کی رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

اداکار یاسر نواز کی کورونا سے صحتیاب افراد سے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل

خیال رہے کہ  آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد 53 ہزار 565 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ  کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے آج ایک ہزار 315 نئے کیسز آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ 700 مریضوں کی حالت تشویشناک اور 116 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ضلع شرقی میں 360، جنوبی 346 اورملیر میں 185 کیسز ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ مرکز میں 165، ضلع غربی  میں 140 اور کورنگی میں 119 کیسز ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب ریکارڈ 153 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 382 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 604 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 666 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 63 ہزار 504 مریض صحت یاب ہو گئے۔


متعلقہ خبریں