سندھ: کورونا سے متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی


کراچی: سندھ پولیس میں کورونا وائرس سے متاثرہ ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے1002 اہلکار کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 11 جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ 270 پولیس افسر اور اہلکار کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوئے ہیں سندھ پولیس میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 721 ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ 550 سےزائد ملازمین کراچی پولیس سے ہیں جن میں سے 180 سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 360 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ابھی بھی وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب میں کورونا کی تشخیص

خیال رہے کہ  آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد 53 ہزار 565 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ  کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے آج ایک ہزار 315 نئے کیسز آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ 700 مریضوں کی حالت تشویشناک اور 116 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ضلع شرقی میں 360، جنوبی 346 اورملیر میں 185 کیسز ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ مرکز میں 165، ضلع غربی  میں 140 اور کورنگی میں 119 کیسز ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب ریکارڈ 153 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 382 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 604 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار 666 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 63 ہزار 504 مریض صحت یاب ہو گئے۔


متعلقہ خبریں