کورونا سے جاں بحق ڈھائی ہزار افراد کی عمریں 50 سال سے زائد تھیں، ظفر مرزا


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تقریباً ڈھائی ہزار افراد کی عمر50 سال سے زائد تھی۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بزرگ افراد کا خاص خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے 5 چیزوں کا خیال رکھنا ہے۔ جس میں ماسک کا استعمال انتہائی ضروری، دوسروں سے کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ اور گلے ملنا اور ہاتھ ملانے سے گریز شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک بار بار دھونا بھی انتہائی ضروری ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھنا ہے کیونکہ بیمار افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے 3 ہزار 500 پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں اور تقریباً 72 فیصد جاں بحق افراد کی عمر 50 سال سے زائد تھی۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے تقریباً ڈھائی ہزار افراد کی عمر50 سال سے زائد تھی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جاں بحق 70 سے 75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے جبکہ وزارت صحت نے بزرگ افراد کے لیے گائیڈ لائنز بنائی ہیں۔ جو covid.gov.pk پرموجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ افراد کیلئے گائیڈ لائنز محکمہ صحت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین جلد دستیاب ہو گی، عالمی ادارہ صحت

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا سے جاں بحق افراد کو پہلے سے بلڈ پریشر، ذیابطیس یا دل کا عارضہ تھا۔


متعلقہ خبریں