بلاول بھٹو قبائلی اضلاع سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کریں، اجمل وزیر



پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو قبائلی اضلاع سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کریں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قباِئلی اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ کرنا پورے پاکستان کی ذمہ داری ہے، ضم اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ کا 3 فیصد حصہ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا جناح اسپتال سے موازنہ کیا تاہم میں تفریق نہیں کروں گا ہمارے لیے تمام ڈاکٹرز ہمارے سروں کے تاج ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ پشاور ائیرپورٹ پر وطن واپس آنے والوں کیلئے انتظامات مکمل ہیں، پشاور ائیرپورٹ پر 5 تھرمل اسکینر لگائے گئے ہیں اور وہاں پرمحکمہ صحت کا عملہ اور ڈاکٹرز موجود ہیں۔

سندھ حکومت نے راشن کس طرح تقسیم کیا سب کو معلوم ہے، اجمل وزیر

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا علامات والے مسافروں کو قرنطینہ منتقل کیاجاتا ہے، قرنطینہ میں موجود مسافروں کا خیال رکھا جائےگا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مچھ ڈسٹرکٹ میں سیاست سے بالاتر ہوکر صحت سہولت کارڈ دے رہے ہیں۔

بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کسی قسم کے ٹیکس میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کیلئے318ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ صحت کیلئے124ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے24 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صحت سہولت کارڈ کیلئے10ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مشکل وقت میں سب کے ساتھ کھڑی ہے۔


متعلقہ خبریں