کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، گورنر پنجاب

حمزہ کرامت

لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے عید الاضحیٰ پر جامع اور سخت حکمت عملی لازم ہو چکی ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیاں کورونا وبامیں خطر ناک اضافے کا سبب بن سکتی ہیں،کورونا کےخلاف تمام اسٹیک ہولڈرز کو متحد ہو کر کام کرنا ہے۔

چودھری سرور نے کہا کہ کورونا پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے، غیر سنجیدگی تباہی ہو گی۔

ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 119 اموات، 3501 افراد جاں بحق 

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والےانسانیت کے دشمن ہیں،غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنےوالےخود اور دوسرں کو کورونا کا شکار کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کےخلاف لڑتے ہوئے شہید ڈاکٹرز اور طبی عملے کو قوم کا سلام پیش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 119 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 501 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 951 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 617 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 67 ہزار 892 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: دنیا بھر میں کیسز 89 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئے

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 65 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 67 ہزار 353، خیبرپختونخوا میں 21 ہزار 444، بلوچستان میں 9 ہزار 328، اسلام آباد میں 10 ہزار 662، آزادکشمیر میں 813 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 278 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک  ہزار 48، خیبر پختونخوا میں 808، اسلام آباد میں 98، گلگت بلتستان میں 21، بلوچستان میں 100 اور آزاد کشمیر میں 19 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 681 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 10 لاکھ 42 ہزار 787 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔


متعلقہ خبریں