دبئی میں سفری پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان

دبئی میں سفری پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان

دبئی: دبئی میں سفری پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 7 جولائی سے سیاح با آسانی دبئی میں داخل ہو سکیں گے اور جن کے پاس مقامی رہائشی ویزہ ہے وہ 23 جون سے دبئی جا سکیں گے۔

دبئی آنے والے سیاحوں کا ائر پورٹ پر کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ سیاحوں اور مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں  14 دن کے لیے قرنطینہ کر دیا جائے گا۔

دبئی حکام کے مطابق دبئی آنے والے مسافروں کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا اور مسافر میں کورونا کی علامات نظر آنے پر ائر لائنز انہیں نیچے اتار سکتی ہیں۔

اس سے قبل دوران سفر مسافروں کی حفاظت کے لیے دبئی ایرپورٹ پر خودکار مشینیں نصب کر دی گئی تھیں جہاں سے دستانے، ماسک اور سینٹائزر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دبئی: ہوٹلوں کی انتظامیہ کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری

خود کار مشینیں داخلوں راستوں کے ٹرمینل نمبر دو اور تین پر نصب کی گئیں جہاں ایک فیس ماسک اور دستانوں کی جوڑی 6 درہم میں دستیاب ہے۔ مسافر حضرات خود کار مشینوں سے 9 درہم میں سینٹائزر حاصل کرسکتے ہیں اور دو قسم کے سینٹائزر دستیاب ہیں۔

دبئی کی سپریم کمیٹی برائے بحران اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ہدایت کی تھی کہ کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر تمام افراد چہروں پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے اور عوامی مقامات پر لوگ دوسروں سے دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔


متعلقہ خبریں