کورونا وائرس پشاور میں ایک اور ہیلتھ ورکر کی جان لے گیا



پشاور: ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا (کے پی) کے مطابق پشاور میں چارج نرس یاسمین کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہوگئی ہیں۔

نرس 4 ماہ سے نصیر اللہ بابر اسپتال پشاور میں خدمات انجام دے رہی تھیں اور ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔

نرس یاسمین کی وفات کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا سے متاثرہ نرسسز کی تعداد 230 اور جاں بحق کی 3 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 89 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 590 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 471 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 88 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 71  ہزار 458 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 66 ہزار 943 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 69 ہزار 628، خیبرپختونخوا میں 21 ہزار 997، بلوچستان میں 9 ہزار 475، اسلام آباد میں 10 ہزار 912، آزادکشمیر میں 845 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 288 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: دنیا بھر میں کیسز 89 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئے

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 435 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک  ہزار 89، خیبر پختونخوا میں 821، اسلام آباد میں 101، گلگت بلتستان میں 22، بلوچستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 20 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں