نواز شریف اور مریم نواز آج لندن جائیں گے


اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے آج بدھ کو لندن روانہ ہوں گے۔

ترجمان شریف فیملی کے مطابق قائد مسلم لیگ کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی بدھ کی صبح نو بجے لندن روانہ ہوں گی۔ نواز شریف قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 629 سے براستہ قطر برطانیہ جائیں گے۔

نواز شریف اور مریم نواز لندن میں کلثوم نواز کی عیادت کریں گے جو گزشتہ کئی روز سے علیل اور لندن کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یہ بات واضح نہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز لندن میں کتنا عرصہ قیام کریں گے۔

نواز شریف نے احتساب عدالت سے بیرون ملک جانے کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے رواں سال 22 مارچ کو مسترد کردیا تھا۔ نواز شریف نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کی درخواست پر عدالت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا، نواز شریف اور مریم نواز کی بیرون ملک فرار کی کوششوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ مقدمات کی سماعت آخری مراحل میں ہیں۔ ایسا نہ ہوکے نواز شریف اور مریم نواز بیرون ملک فرار ہوجائیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں بدعنوانی کے مقدمات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں