عزیر بلوچ کی جان کو خطرہ ہے، علی زیدی


کراچی: وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ کے آصف زرداری کے ساتھ رابطے تھے، میں نے کچھ دن پہلے ٹویٹ کیا تھا کہ عزیر بلوچ کی جان کو خطرہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ ماضی میں بننے والی جے آئی ٹیز کی رپورٹ پبلک ہونی چاہئیں۔ جےآئی ٹی میں انکشافات بہت خطرناک ہیں۔

علی زیدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے جے آئی ٹیز کی رپورٹ ابھی تک نہیں دی بلکہ وہ توجے آئی ٹیز کو روک رہی ہے۔

سینٹرل جیل کراچی میں عزیر بلوچ کی جان کو خطرہ ہے

انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ جے آئی ٹی کا عینی شاہد ہے،کراچی کے لوگوں کے لیے ایک سوال چھوڑ رہا ہوں، واقعے میں ملوث افراد اسمبلی میں بیٹھ کر ہمارے ساتھ بحث کرتے ہیں، جب تک جے آئی ٹی پبلک نہیں ہوگی میں لڑتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آیا،ایم کیوایم لندن کے کارکن محمد انور کا بیان سامنے آیا ہے انہوں  نے کہا ایم کیو ایم کو فنڈ بھارت سے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ایم کیو ایم لندن غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی دہشت گرد جماعت ہے، اس کے بہت سے لوگ عمران فاروق کے قتل کی سازش میں ملوث تھے۔

 


متعلقہ خبریں