آرمی چیف سے پیپلز لبریشن آرمی کی میڈیکل ٹیم کی ملاقات


اسلام آباد: میجر جنرل ژھونی کی قیادت میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی میڈیکل ٹیم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں کورونا وبا سے نمٹنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی میڈیکل ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف چین کی مدد پر شکرگزار ہیں۔ چین کی جانب سے فوری میڈیکل سپلائی پر شکر گزار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ چین کی مدد کے باعث وبا کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کو بہت مدد ملی۔ دنیا اب تک کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: چین سے بھیجا گیا امدادی سامان پنجاب حکومت کو موصول

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں عالمی تعاون پاکستان کی کوششوں کو بڑھانے کیلئے اہم ہے۔ عالمی تعاون وائرس کو روکنے اور معاشی اثرات کو کم کرنے کیلئے ضروری ہے۔

خیال رہے کہ 16 جون کو چین سے امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ پاکستان پہنچ گیا تھا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا تھا کہ حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ صوبے جتنے ٹیسٹ کرنے چاہتے ہیں کریں، سامان کی کمی نہیں ہے۔

یہ  بھی پڑھیں: یورپ: کورونا کیسز میں کمی کے بعد زندگی معمول کی طرف لوٹ آئی

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹر سے زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا  کہ صوبوں کو250 وینٹی لیٹر دے چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مزید 600 وینٹی لیٹر موجود ہیں، پشاور اور کراچی جاکر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید ہے لاہور کی ضرورت پوری کردی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں